National قومی خبریں

بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو اس کا جواب دیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ، تین مغربی دریاؤں کے پانی پر پاکستان کا حق ہے اور ان دریاؤں کے پانی کا رخ بدلنے کی بھارت کی کسی بھی کوشش کو اشتعال انگیزی سمجھا جائے گا ۔۔

انہوں نے یہ بیان منگل کے روز اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کے بعد جاری کیا۔۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اگر پانی کا رخ موڑنے کی کوئی کوشش کی گئی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کو سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کو اس کے پانی کے حصے سے محروم کرنے کے بھارت کے اشتعال انگیز بیانات کا نوٹس لیناچاہیے۔۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مودی حکومت کا سخت گیر موقف اور نفرت پرمبنی پالیسیاں جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ہریانہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کاپانی روکنے کی دھمکی دی تھی۔